پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں غیرت کے نام پر شادی شدہ جوڑے کو قتل کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کے گاؤں برج میں شادی شدہ جوڑے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، لڑکا اور لڑکی نے چند روز قبل پسند کی شادی کی تھی۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت صبا اور راشد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جہانگیر نامی شخص مقتولہ کا بھائی تھا، ملزم نے آج صبح گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے پسند کی شادی کرنے والے لڑکا لڑکی کو قتل کیا اور فرار ہوگیا۔
مزید پڑھیں: گجرات میں غیرت کے نام پر لڑکا اور لڑکی قتل
پولیس کے مطابق لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پنجاب کے شہر گجرات کے تھانہ کنجاہ میں نوجوان کو بے دردی سے قتل کرکے نعش نہر میں بہادی گئی جبکہ لڑکی کو پاگل قرار دے کر نہر میں پھینک دیا گیا تھا۔
گجرات کے نواحی علاقے بیگہ کا خلیل انور شائستہ سے مبینہ طور پر محبت کرتا تھا چند روز قبل مقتولین کی نعشیں سرائے عالمگیر نہر سے برآمد ہوئی تھیں۔