جشن آزادی کے موقع پر حکومت پاکستان نے تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، کھیل، آرٹس، کلچر، صحافت اور عوامی خدمت سمیت مختلف شعبہ جات میں اعزازات کے لیے بین الاقوامی اور قومی شخصیات کی نامزدگیوں کا اعلان کیا۔
جشن آزادی کے موقع پر حکومت پاکستان نے تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، کھیل، آرٹس، کلچر، صحافت اور عوامی خدمت سمیت مختلف شعبہ جات میں اعزازات کے لیے جن بین الاقوامی اور قومی شخصیات کی نامزدگیوں کا اعلان کیا ان میں بین الاقوامی شخصیات میں سعودی عرب کے وزیر دفاع خالد بن سلمان آل سعود اور چینی نائب وزیراعظم ہی لیفنگ شام ہیں جنہیں ہلال پاکستان کے اعزازات سے نوازا جائے گا۔
ان کے علاوہ سعودی عرب کے وزیردفاع انجینیئر طلال بن عبداللہ العتیبی کو ستارہ پاکستان سے نوازا جائے گا جب کہ ہلال قائداعظم 4 چینی سفارت کاروں لو ژاؤہوئی، ننگ جیژے، نونگ رونگ اور شازو کونگ کو دیا جائے گا۔
صحافت میں گراں قدر خدمات پر حیدر نقوی کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا جب کہ ٹی وی کی معروف اداکارہ سجل علی کو بھی تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔
ہلال امتیاز کے لئے نامزد ہونے والوں میں مرحوم مفتی عبدالشکور کو بعد از مرگ اس اہم سول اعزاز سے نوازا جائے گا ان کے علاوہ یہ اعزاز حاصل کرنے والوں میں پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اور امجد ثاقب کے نام بھی شامل ہیں۔
معروف موسیقار اور گلوکار راحت فتح علی خان، آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ، صحافی زاہد ملک کو بھی ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔
سابق ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین صدیقی، ڈاکٹر شمشاد اختر اور معروف شاعر افتخار عارف کو نشان امتیاز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
ستارہ امتیاز کے لئے نامزد ہونے والوں میں سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان، کوہ پیما نائلہ کیانی، گلوکار فاخر محمود، اداکار و ہدایتکار سرمد کھوسٹ اور فلم ڈائریکٹر بلال لاشاری کے نام بھی نمایاں ہیں۔
صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی کے لیے اداکار عدنان صدیقی، شیما کرمانی کو نامزد کیا گیا ہے جب کہ اداکارہ سجل علی کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔
کووڈ 19 وبا کے 299 شہدا کو بھی سول اعزازات دیے جائیں گے، جن شخصیات کو اعزاز سے نوازا جائے گا اُن میں 2 سابق وزرائے اعلیٰ شامل ہیں، اعلان کردہ ان سول اعزازات عطا کرنے کی تقریب 23 مارچ 2024 کو ہوگی۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبہ جات میں مجموعی طور پر 696 ملکی اور غیر ملکی شخصیات کیلئے سول ایوارڈز کا اعلان کیا تھا۔