برسبین: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے کہا ہے کہ ایک سیشن برا کھیلیں تو میچ میں واپسی مشکل ہو جاتی ہے، ہم میزبان ٹیم پر دباؤ نہیں ڈال سکے۔
تفصیلات کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہرعلی کا کہنا تھا کہ امید ہے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کم بیک کرے گی، پوری کوشش ہے ٹیم فورم میں واپس آجائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وکٹ اچھی تھی لیکن ہم پہلی اننگز میں زیادہ رنز نہیں بنا سکے۔
دوسری جانب شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری جڑنے والے بابراعظم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچز میں 100 فیصد پرفارمنس کی پوری کوشش کی، امید ہے اس سنچری سے ایڈلیڈ میں اعتماد ملے گا، آسٹریلیا میں رنز کرنا مشکل ہوتا ہے، پرفارمنس سے اعتماد ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لمبا کھیلتے تو ٹیم کو فائدہ ہوتا، افسوس ہے ایسا نہ ہوسکا، پہلی اننگز میں وہ شارٹ نہیں کھیلنا چاہیے تھا جس پر آؤٹ ہوا، ٹیم میں جس پوزیشن پر بھی بھیجا جائے پرفارمنس دوں گا، میں نے کبھی بیٹنگ نمبر نہیں مانگا، میرا کام پرفارمنس دینا ہے۔
پہلا ٹیسٹ: آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو شرمناک شکست
بابراعظم کا مزید کہنا تھا کہ جب تجربےکار ہوجاؤں گا تو کوہلی سے ضرور مقابلہ کروں گا، ویرات کوہلی سے میرا مقابلہ نہیں، وہ زیادہ تجربے کار ہے۔
خیال رہے کہ مصباح کی کوچنگ میں مسلسل شکستوں کا سلسلہ جاری ہے، ان کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد بدقسمتی سے ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں بھی پاکستان کو شکست کا مزا چکھنا پڑا تھا۔ جبکہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں بھی پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا۔