لندن: برطانیہ میں کورونا کو مذاق سمجھ کر اس کی حقیقت کو مسترد کرنے والا شہری مہلک وائرس کے باعث ہلاک ہوگیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 46 سالہ گیری میتھیوز نامی برطانوی شخص کووڈ19 کو ایک سازشی خیال گردانتا تھا، اس کی نظر میں کوروناوائرس کی کوئی حقیقت نہیں تھی۔
رپورٹ کے مطابق گیری میتھوز کورونا کا شکار ہونے کے بعد ہلاک ہوگیا، وہ کورونا ہدایات کی بھی مخالفت کرتا تھا جن میں فیس ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے شامل ہیں۔ مذکورہ شہری گزشتہ ایک ہفتے سے بخار میں مبتلا تھا لیکن جیسے ہی کووڈ19 ٹیسٹ میں رپورٹ مثبت آئی اس کے اگلے روز اس کی موت واقع ہوگئی۔
برطانیہ کے علاقے شروبری میں قائم ایک فلیٹ میں مذکورہ شخص مردہ حالت میں پایا گیا۔
گیری نے اپنے ہم خیال لوگوں کو بتایا تھا کہ وہ دمے کے مرض میں مبتلا ہے۔ اس بیماری کے باعث خاندان کے افراد نے اسے احتیاط کرنے اور ‘اِن ہیلر’ رکھنے کا بھی مشورہ دیا لیکن شہری نے کسی کی نہ سنی۔
برطانوی شہری کا کہنا تھا کہ وہ کورونا پر یقین نہیں رکھتا۔ اس نے حکومتی احکامات بھی ہوا میں اڑا دیے تھے۔ گیری کی طرح سوچ رکھنے والے اس کے دوستوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ کورونا سے نہیں مرا بلکہ خودکشی کی ہے۔ البتہ اس بات میں کس حد تک صداقت ہے پوسٹ مارٹم کے بعد حقیقت سامنے آجائے گی۔