بیجنگ : ووہان میں اسپتال کا سربراہ بھی کروناوائرس سے ہلاک ہوگیا جبکہ 3000ہیلتھ ورکرز بھی کرونا وائرس سے متاثر ہیں، وائرس سے اموات کی تعداد 1800 سے تجاوز کر گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چین سے دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کروناوائرس سے ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ، کرونا وائرس سے مزید 93 افراد ہلاک ہوگئے، جس سے وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 18سو 68 ہوگئی ہے۔
چین میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 72 ہزار 300 سے زائد ہو گئی ہے جبکہ مزید 1807 نئے مریض بھی وائرس کی زد میں آگئے ہیں، اسپتالوں میں کرونا وائرس کے ہزاروں مریضوں کوطبی امداد کی فراہمی جاری ہے جبکہ فوج بھی انتظامیہ کی مدد کررہی ہے۔
ووہان میں اسپتال کا سربراہ بھی کرونا وائرس سے ہلاک ہوگیا ہے جبکہ چین میں3000ہیلتھ ورکرزبھی کرونا وائرس سے متاثرہوئے، چینی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کروناوائرس کے پھیلاؤ پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے، ہلاکتوں اورمتاثرہ افرادکی تعداد میں گزشتہ روز کی نسبت کمی ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں : جان لیوا کرونا وائرس 1770 زندگیاں نگل گیا
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق کروزشپ سے اپنے شہریوں کونکالنے کے لئے کینیڈا نے خصوصی طیارہ بھیج دیا جبکہ کرونا وائرس پر اقدامات کرتے ہوئے 140افراد کو امریکا میں داخلے سے روک دیاگیا ہے۔
چین کے علاوہ 29 ممالک میں بھی کرونا کے مریضوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ چین کے علاوہ تائیوان، فلپائن، ہانگ کانگ، جاپان اور فرانس میں 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں سے ایک فیصد کی موت کا امکان ہے، یہ تعداد تقریباً چار لاکھ کے قریب بنتی ہے۔
خیال رہے کہ ہلاکت خیز کرونا وائرس چین کے انڈسٹریل شہر ووہان سے پھیلا ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، یہ وائرس سانس کے نظام میں شدید انفیکشن کا باعث بنتا ہے، اس کی علامات میں بخار اور خشک کھانسی شامل ہیں۔