پتوکی میں تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال کا ایمرجنسی کا عملہ غائب رہا، سوئپر نے مریض کے ٹانکے لگائے اور اسکی مرہم پٹی کی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پتوکی کے تحصیل ہیڈکوارٹرز میں اسپتال کے عملے نے لاپروائی کی انتہا کردی، اسٹاف کی غیرموجودگی میں اسپتال کے سوئپر کی جانب سے مریض کو ٹانکے لگانے اور مرہم پٹی کی ویڈیو سامنے آگئی۔
شہری نے بتایا کہ سوئپر عابد ایمرجنسی میں مریضوں کی مرہم پٹی کرتا ہے اور ٹانکے بھی لگاتا ہے، اسپتال میں دوائیں بھی میسر نہیں ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اسپتال میں عملے کا غائب رہنا معمول بن چکا ہے، سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک زخمی خاتون تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال پتوکی میں موجود ہیں جسے عابد سوئپر ٹانکے لگارہا ہے۔
پتوکی میں واقع اسپتال مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے، یہاں ادویات کی انتہائی کمی ہے، یہاں کروڑوں روپے کے فنڈز میں کرپشن کی جارہی ہے۔
اسپتال آنے والے مریض دہائی دیتے نظر آتے ہیں، شہریوں نے مطالبہ کیا کہ اسپتال میں دوائیں بھی میسر نہیں ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اس کا نوٹس لیں۔