بھکر: امتحانات کے دنوں میں پنجاب کے ضلع بھکر میں ایک طالبہ ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد اسپتال پہنچ گئی، جہاں اس کی خواہش پر اسپتال وارڈ کو کمرہ امتحان میں تبدیل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک حادثے میں زخمی نویں جماعت کی طالبہ ثانیہ کی خواہش پوری کر دی گئی، اسپتال وارڈ کو کمرہ امتحان میں تبدیل کر دیا گیا، سرگودھا بورڈ نے اسپتال کے کمرے کو امتحانی سینٹر کا درجہ دینے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
اسپتال کا کمرہ امتحانی سینٹر بنائے جانے کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر کی سفارش پر جاری کیا گیا، حادثے میں زخمی نویں جماعت کی طالبہ نے آخری 2 پرچے اسپتال میں دیے۔
امتحانی سینٹر پر خواتین اساتذہ پر مشتمل سپرنٹنڈنٹ اور نگران عملہ بھی تعینات کیا گیا، سی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ طالبہ ثانیہ کو لکھنے کے لیے ایک معاون کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: بھکرمیں رکشہ بس کی زد میں آگیا‘ 7 افراد جاں بحق
نویں جماعت کی طالبہ پیپر دینے کے لیے جاتے ہوئے جھنگ روڈ حادثے میں زخمی ہو گئی تھی۔
خیال رہے کہ 30 مارچ کو صوبہ پنجاب کے شہر بھکر میں رکشہ بس کی زد میں آ گیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 طالبات اور رکشہ ڈرائیور شامل تھے، طالبات نویں جماعت کا پرچہ دینے کے بعد گھر جا رہی تھیں۔