تازہ ترین

بریڈ کچن ۔ پناہ گزین خواتین کے لیے امید کی کرن

امریکی شہر نیویارک میں واقع ایک بیکری یوں تو دنیا بھر میں اپنی بریڈ فروخت کرتی ہے، تاہم ان سے خریدی گئی ہر بریڈ پناہ گزین خواتین کی زندگی میں بہتری لاتی ہے۔

ہاٹ بریڈ کچن نامی یہ بیکری نہ صرف ایک کامیاب کاروباری ماڈل ہے، بلکہ عطیات کے ذریعے پناہ گزین خواتین کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔

یہ بیکری ان پناہ گزین خواتین کو نہ صرف بامعاوضہ ٹریننگ فراہم کرتی ہے، بلکہ انہیں ملازمت بھی دیتی ہے۔

سنہ 2010 میں قائم کی گئی یہ بیکری دنیا کے ہر خطے میں کھائی جانے والی بریڈ تیار کرتی ہے، جبکہ یہ بریڈ پوری دنیا کے کئی ممالک میں فروخت کے لیے بھیجی جاتی ہے۔

ہاٹ بریڈ بیکری کی بانی جیسمن روڈرگز کہتی ہیں کہ دنیا بھر میں خواتین بریڈ بناتی ہیں لیکن اس صنعت میں صرف مردوں کو ہی ملازمتیں ملتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس بیکری کا قیام اس شعبے میں خواتین کو آگے لانا اور ضرورت مند خواتین کی زندگیوں میں تبدیلی لانا تھا۔

جیسمن کہتی ہیں کہ اس وقت 20 فیصد پناہ گزین خواتین خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہیں، ایک خاتون کی اچھی ملازمت صرف اس کے اپنے لیے نہیں بلکہ پورے ایک خاندان اور کمیونٹی کے بہتری پیدا کرتی ہے۔

ہاٹ بریڈ کچن میں خواتین کو 6 ماہ تک بامعاوضہ ٹریننگ دی جاتی ہے جس میں بریڈ بیکنگ کا فن سکھایا جاتا ہے۔

اس ٹریننگ میں انہیں انگریزی زبان جبکہ اس کے ساتھ ساتھ کاروبار کے لیے ضروری حساب اور سائنس بھی سکھائی جاتی ہے۔

ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد زیادہ تر خواتین کو اسی بیکری میں ملازمت مل جاتی ہے، کچھ اسی شہر میں دوسری بیکریوں میں ملازمت حاصل کرلیتی ہیں، جبکہ کچھ خواتین اپنی بیکری بھی شروع کردیتی ہیں۔

جیسمن نے بتایا کہ یہاں زیادہ تر خواتین مختلف اداروں کے توسط سے آتی ہیں۔

یہ وہ خواتین ہوتی ہیں جو ایک پرتشدد یا تکلیف دہ زندگی گزارنے کے بعد اب نئے سرے سے اپنی زندگی شروع کرنا چاہتی ہیں۔

وہ کہتی ہیں، ’ہماری بریڈ خریدیں، ہر بریڈ لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے‘۔

Comments

- Advertisement -