کراچی: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں آئندہ 3دن موسم گرم رہنے کا امکان ہے، درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ ہوسکتا ہے۔
تفٖصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی مین آئندہ 3روز کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ درجہ حرارت 38سے40ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، شمال مغرب سے10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
کراچی میں جمعرات سے موسم معمول پر آجائے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران حیدرآباد، کوئٹہ، ملتان،لاہور ، اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہیگا لیکن گلگت بلتستان،ہنزہ اور سکردو میں چند ایک مقامات پر مطلع ابرآلود رہنے کا بھی امکان ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی، چھور میں اکتالیس اور تربت میں چالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر غلام رسول بھی آگاہ کرچکے ہیں کہ رواں برس پورے ملک میں موسم گرما اپنے مقررہ وقت سے قبل آجائے گا جس کے بعد درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی میں بڑھتی گرمی، ہیٹ اسٹروک کا خطرہ
قائم مقام چیف میٹرو لوجسٹ، عبدالرشید کا کہنا تھا کہ شہر کراچی میں ناصرف درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا، بلکہ مئی اور جون میں یہ اپنے عروج پر ہوگی، رواں سال بھی پچھلے سالوں کی طرح گرم گزرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس سال گرمی کے سابقہ ریکارڈ نہ ٹوٹ جائیں، لہٰذا متعلقہ ادارے اور شہری ہیٹ ویوز کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کریں۔
ماہرین نے اس کی وجہ موسمی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج اور اس کی وجہ سے عالمی درجہ حرارت میں ہونے والے اضافے یعنی گلوبل وارمنگ کو قرار دیا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر کھانے پینے اور گھر سے باہر نکلنے میں احتیاط برتیں ۔
یاد رہے کہ 2015 میں کراچی میں گرمی کی شدید لہر نے 1 ہزار سے زائد جانیں لے لی تھیں۔