کراچی : محکمہ موسمیات نےخبردارکیا ہے کہ کراچی والے ہوشیار ہوجائیں ، آج شدید گرمی کا امکان ہے، پارہ 40 ڈگری تک جا سکتا ہے جبکہ صبح دس بجے پارہ34 ڈگری پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج سے شدیدگرمی کی پیش گوئی کی ہے، آج درجہ حراست اڑتیس سےچالیس ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ پارہ صبح 10 بجے ہی 34 ڈگری پر پہنچ گیا ،اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 18فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات نے مختلف اداروں کو خط لکھ کر موسم کی صورتحال سے مطلع کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ منگل اور بدھ کو شہر کا درجہ حرارت چالیس ڈگری تک پہنچ سکتا ہے، کراچی میں گرمی کا سلسلہ اتوار سے جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے، سمندری ہواوں کی رفتار میں کمی کے باعث گرمی کی یہ شدت پورے ہفتے برقرار رہے گی۔
پندرہ اکتوبر سے درجہ حرارت معمول پر آنا شروع ہوجائے گا۔
محکمہ موسمیات نےخبردارکیا ہے کہ نمی کے کم تناسب کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی، آج سے ہوا میں نمی کا تناسب 30سے 40 فیصد ہوگا۔درجہ حرارت میں اضافے اورنمی میں کم تناسب کے باعث ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ مئی اور اکتوبر سال کے گرم ترین ماہ شمار کئے جاتے ہیں اور ہر سال کی طرح اس سال بھی اکتوبر کا مہینہ شہر قائد پر سورج پوری آب و تاب کے ساتھ گرمی برسائے گا اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران مطلع جزوی ابرآلود سے صاف میں تبدیل ہوجائے گا اور موسم کی تبدیلی سے درجہ حرارت کئی ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی میں2روزبعددرجہ حرارت 40 سےبڑھ کر42 ڈگری تک جانے کا امکان
ماہرین کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے بچاو کیلئے حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے شہری پانی کا استعمال زیادہ کریں، شہری دھوپ میں نکلنے سے گریز اور کھانے پینے میں احتیاط کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کےدوران کراچی ،لاہو ر ،اسلام آباد،پشاورسمیت ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے تاہم مالاکنڈ،ہزارہ اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت چھور میں اکتالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔