The news is by your side.

Advertisement

ہالی ووڈ فلم کے حقیقی کردار کو 25 سال قید کی سزا

کیگالی : ہالی وڈ کی ایوارڈ یافتہ فلم “ہوٹل روانڈا” کی کہانی کے حقیقی کردار روانڈا کے شہری پال روسیسا باگینا کو عدالت نے دہشت گردی کے الزام میں 25 سال قید کی سزا سنادی۔

پال روسیسا باگینا کی خدمات پر ہالی وڈ کی فلم “ہوٹل روانڈا” 2004 میں بنائی گئی تھی، ان کا کردار ڈان چیڈل نے ادا کیا تھا۔ مذکورہ فلم افریقی ملک روانڈا میں 1994 میں ہونے والی نسل کشی کے گرد گھومتی ہے۔

روانڈا کے شہری کو گزشتہ برس دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا—فائل فوٹو: اے پی

غیر ملکی خبر رساں ادارے  کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ فلم کے حقیقی کردار روسیسا باگینا کو گزشتہ برس گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر روانڈا کی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق روسیسا باگینا کو عدالت نے8 جرائم کے تحت 25 سال قید کی سزا سنائی جب کہ ان کے ہمراہ دیگر 20 افراد پر بھی فرد جرم عائد کی گئیں۔

روسیسا باگینا کو دہشت گرد تنظیم میں رکنیت، قتل اور لوگوں کے اغواء سمیت دیگر الزامات کے تحت سزا سنائی گئی۔ انہیں سزا سنائے جانے پر نہ صرف انسانی حقوق کی تنظیموں بلکہ امریکا اور بیلجیم نے بھی تنقید کی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں مقدمے کی پیروی کے لیے قانونی وسائل اور شفاف ٹرائل کی سہولیات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے روسیسا باگینا کو سزا سنائے جانے کو سیاسی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے روانڈا کے حالیہ صدر نے بدلہ لیا ہے۔

روسیسا باگینا نے 1994 میں روانڈا میں ہونے والی نسل کشی کے دوران “کیگالی کے ملی کولنز” نامی ہوٹل میں پناہ لینے والے مقامی 1200 افراد کو پناہ دے کر جنگجوؤں سے ان کی زندگی بچائی تھی۔

روانڈا کے شہری کو گزشتہ برس دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا—فائل فوٹو: اے پی

نسل کشی کے دوران ہوتو قبیلے کے انتہاپسندوں نے اقلیتی قبیلے توتسی کے لوگوں کو مارا تھا اور جھگڑوں کے دوران اندازا 8 لاکھ توتسی لوگ مارے گئے تھے۔

روسیسا باگینا نے توتسی قبیلے کے ہی 1200 افراد کو ہوٹل میں پناہ دے کر بچایا تھا، وہ اس وقت ہوٹل کے منیجر تھے، مذکورہ ہوٹل اس وقت کا پرتعیش اور محفوظ ترین ہوٹل تھا۔

اسی واقعے سے متاثر ہوکر ہی 2004 میں “ہوٹل روانڈا” نامی فلم بنائی تھی، جس کے بعد روسیسا باگینا کی شہرت میں مزید اضافہ ہوا۔

نسل کشی کم ہونے کے بعد 1996 میں روسیسا باگینا پہلے بیلجیم منتقل ہوئے تھے، جہاں انہیں شہریت دی گئی تھی اور بعد ازاں وہ امریکا منتقل ہوئے، وہاں بھی انہیں شہریت دی گئی، علاوہ ازیں انہیں اعلیٰ امریکی سرکاری ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔

گزشتہ برس ستمبر میں ہی ان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی—فائل فوٹو: اے پی

روسیسا باگینا کو گزشتہ برس اگست میں روانڈا کی سیکیورٹی فورسز نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی سے اغوا کرکے گرفتار کیا تھا اور چند دن بعد ان کی گرفتاری کو ظاہر کیا تھا۔

روسیسا باگینا کو روانڈا لے جاکر وہاں ان کے خلاف مقدمہ چلایا گیا، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں، امریکا اور بیلجیم کی حکومتوں نے آوازیں بھی اٹھائیں اور انہیں شفاف ٹرائل کے لیے قانونی مدد فراہم کرنے کے مطالبات بھی کیے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں