شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ غنا علی کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد لوگ ٹارگٹ نہیں عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’نقاب‘ میں منفی کردار نبھانے والی اداکارہ غنا علی نے حالیہ پوڈ کاسٹ میں شادی اور ذاتی زندگی سے متعلق اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اللہ کی شکر گزار ہوں کہ مجھے ایک اچھا جیون ساتھی وقت پر ملا، میں 26 سال کی عمر میں خود کو تنہا محسوس کرنے لگی تھی اور کسی کے ساتھ کےلیے دُعا کرنا شروع کی، بار بار کی گئی دعا کے بعد اللہ نے میری بات سن لی اور مجھے وہ شخص عطا کیا جس کے ساتھ میں خوشی سے گھر بسا رہی ہوں۔
غنا علی نے کہا کہ میں کام کو لے کر ابھی بھی پرجوش ہوں لیکن آپ کے لیے ایک چھتری ضروری ہوتی ہے جو لوگ آپ کو ٹارگٹ کی طرح دیکھتے ہیں وہ عزت سے دیکھنے لگ جاتے ہیں، ہمارا معاشرہ ایسا ہے کہ ہمیں چاہتے یا نہ چاہتے ہوئے بھی مرد کی ضرورت ہوتی ہے جو آپ کو بتائے کہ کیا چیز غلط اور کیا صحیح ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ مجھے شوہر کی ایک بات بہت اچھی لگتی ہے وہ کہتے ہیں کہ تم مٹھی بن کر رہو گی تو سب تمہاری عزت کریں گے جس دن تم نے اپنا ہاتھ کھول دیا ہر کوئی اسے پکڑنے یا تھامنے کی کوشش کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ 20 فیصد لوگ ایلیٹ کلاس سے تعلق رکھتے ہیں جو وہیں شادی کرنا چاہتے ہیں، میری دوستیں اکثر کہتی ہیں کہ شادی نہیں ہوتی، ہر چیز میں باؤنڈریز ہونی چاہیے۔
غنا علی نے کہا کہ میں انڈسٹری میں کبھی کسی لابی کا حصہ نہیں رہی اور ابھی بھی جدوجہد کررہی ہوں، میرے لیے کچھ بھی پلیٹ میں نہیں تھا۔ والدین بھی تین سال کے بعد انڈسٹری میں آنے کے لیے رضامند ہوئے تھے۔