سانگھڑ: سندھ کے شہر سانگھڑ کے ایک ہوٹل کے بیرے کو چائے لانے میں تاخیر پر الیکشن کمیشن آفس کے چوکیدار نے گولی مار دی۔
تفصیلات کے مطابق سانگھڑ میں ہوٹل کے بیرے کو اس وقت عجیب صورت حال سے واسطہ پڑا جب وہ سانگھڑ کے الیکشن کمیشن آفس میں چائے لے کر گیا۔
ریسکیو ذرایع نے کہا ہے کہ بیرے کو اس وقت گولی ماری گئی جب بیرا چائے لے کر الیکشن کمیشن آفس پہنچا، چوکیدار تاخیر پر غصے میں آیا، اس نے گن سیدھی کی اور بیرے پر فائر کر دیا۔
سانگھڑ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا الیکشن کمیشن ضلعی آفس کا چوکیدار ہے، زخمی کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ اس کے بیٹے کو الیکشن آفس کے چوکیدار نے یہ کہہ کر گولی ماری کہ وہ چائے تاخیر سے کیوں لایا۔
یہ بھی پڑھیں: تھرپارکر اور سانگھڑ میں آسمانی بجلی نے تباہی مچا دی، 11 افراد جاں بحق
پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ الیکشن کمیشن کے دفتر میں پیش آیا، بیرے کو گولی لگنے کے بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اسے سول اسپتال پہنچایا جہاں ابتدائی طبی امداد دے کر زخمی کو نوابشاہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے ملزم کو، جو الیکشن کمیشن آفس کا چوکیدار ہے، حراست میں لے لیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ضلع سانگھڑ کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران آسمانی بجلی کی صورت میں آسمانی آفت نازل ہوئی تھی جس میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے تھے، سانگھڑ کی تحصیل کھپرو کے علاقے اچھڑو تھر میں بھی آسمانی بجلی سے 3 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔