بھارت میں حیدرآباد شہر کے مضافاتی علاقہ پوپال گوڑہ میں ایک اپارٹمنٹ کی گراؤنڈ فلور پر واقع گروسری شاپ میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، جس نے گھر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دکان میں لگی آگ قریب ہی کھڑی گاڑیوں تک پھیل گئی اور عمارت کی پہلی منزل تک پہنچ گئی۔ اس دوران پہلی منزل پر موجود ایک فلیٹ میں موجود دو سلنڈرآگ کے باعث پھٹ گئے۔
رپورٹس کے مطابق آگ کے باعث جمیلا خاتون، شاہنہ خاتون، سال اور سجرہ خاتون گھر میں پھنس گئی تھیں۔ انہیں وہاں سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
فائر بریگیڈ کی ٹیم آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فوراً مقام واقعہ پر پہنچی اور بھڑکتی ہوئی آگ پر قابو پایا۔
اس سے قبل بھی بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے رنجل منڈل میں دلخراش واقعہ رونما ہوا، جہاں ایک ہی خاندان کے تین افراد کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گئے۔
ساٹاپور گاؤں سے تعلق رکھنے والے گنگا رام اس کی اہلیہ بالا منی اور بیٹا کشن جنگلی جانوروں کو پکڑنے کے لیے جنگل گئے تھے، اسی دوران کھیتوں کے قریب کرنٹ کی تار سے چھو جانے کے سبب تینوں موقع پر ہی اپنی جان گنوا بیٹھے۔
پولیس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بودھن اسپتال منتقل کردیا گیا اور تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ پیگڑا پلی کے مضافات میں کھیتوں کے قریب یہ برقی تار لگائے گئے تھے۔ تاہم پولیس مزید تفصیلات اکٹھی کر رہی ہے اور حادثے کے اصل حقائق جاننے کی کوشش کررہی ہے۔