پشاور: خیبر پختون خوا کی حکومت نے صوبائی دارالحکومت پشاور، ہنگو اور سوات کے اضلاع میں گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے صوبے میں گھروں کی تعمیراتی اسکیم کی منظوری دے دی۔
اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں محمود خان کی زیر صدارت ایک اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
تعمیراتی اسکیم کے تحت پشاور میں 20 ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے، جب کہ ضلع ہنگو میں 9 ہزار، اور ضلع سوات میں 3 ہزار گھر تعمیر کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے اسکیم کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعظم کی عوام کے لیے ہم دردی اور ان کے وژن کا عکاس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ 2019 -2020: تحریک انصاف نے 7 کھرب 22 ارب کا بجٹ پیش کردیا
محمود خان نے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی کہ اسکیم کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت اور اس کی فزیبلٹی رپورٹ 20 دنوں میں مکمل کی جائے۔
کے پی کے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں سے 10 دن میں سوات اور ہنگو کی اسکیموں کا بھی حتمی پروپوزل طلب کر لیا۔
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ محمود خان نے کوہاٹ میں ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق بھی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
خیال رہے کہ آج پی ٹی آئی حکومت کے پہلے سالانہ بجٹ میں بتایا گیا ہے کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے راولپنڈی، اسلام آباد میں 25 ہزار ہاؤسنگ یونٹس کا افتتاح کر دیا ہے۔
بجٹ تقریر میں کہا گیا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے پروگرام سے 28 صنعتوں کو فائدہ ہوگا، پروگرام کے لیے کراچی، کوئٹہ اور فیصل آباد میں زمین حاصل کر لی گئی ہے۔