صنعاء : الحدیدہ میں حوثی خود کش بمباروں نے ہوائی اڈے کے اندر دراندازی کی کوشش کی مگر انہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی ہلاک کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یمن کی جوائنٹ سیکیورٹی فورسز نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے ساحلی شہر الحدیدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دہشت گردی کی سازش ناکام بنا دی۔
یمن میں مزاحمتی فورسز کے میڈیا وار سیل کی طرف سے کہا گیا ہے کہ حوثیوں نے الحدیدہ ہوائی اڈے پر دہشت گردی کی سازش کے لیے چھ شدت پسندوں کو بھیجا تھا مگر سیکیورٹی فورسز نے حوثی شرپسندوں کی دہشت گردی کی سازش ناکام بنا دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حوثی خود کش بمباروں نے ہوائی اڈے کے اندر دراندازی کی کوشش کی مگر انہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی ہلاک کردیا گیا۔
میڈیا وار سیل کے مطابق حوثیوں کی طرف سے دہشت گردی کی تازہ کوشش ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دوسری جانب حوثیوں اور حکومت کے درمیان الحدیدہ میں جنگ بندی معاہدے پرعمل درآمد کی کوششیں جاری ہیں۔
حوثی باغیوں کی طرف سے الحدیدہ میں جنگ بندی کی کوششوں کو دانستہ طورپر ناکام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ الحدیدہ ہوائی اڈے کے بیشتر مقامات پر مشترکہ مزاحمتی فورسز کا کنٹرول ہے جب کہ ہوائی اڈے کی شمالی سمت میں بعض عمارتوں پر حوثی ملیشیا کے جنگجو بدستور قابض ہیں۔