لاہور: پنجاب کے محکمہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ کرونا سے متاثرہ مائیں بچوں کو ایس او پیز کے ساتھ دودھ پلائیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ پنجاب نے یکم جنوری سے کرونا سے متاثرہ دودھ پلانے والی ماؤں کی آگاہی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈا ئریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ہارون خان نے بتایا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد کرونا سے متاثرہ خواتین میں شعور اجاگر کرنا ہے، اگر والدہ کرونا سے متاثر ہے تو بھی وہ بچے کو دودھ پلا سکتی ہے۔
انھوں نے کہا کرونا سے متاثرہ مائیں ایس او پیز کے ساتھ بچوں کو دودھ پلائیں، بچے کو دودھ پلانے سے قبل مائیں اچھی طرح اپنے ہاتھ دھوئیں، اور ماسک پہن کر بچوں کو دودھ پلائیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ بچوں کی استعمال کی اشیا باقاعدگی سے کلورین کے پانی سے صاف کریں، اگر بچے کو کرونا کا مرض ہے تو صرف ماں ہی بچے کا خیال رکھے۔
ہارون خان کا کہنا تھا کہ اس بات کے شواہد نہیں ملے ہیں کہ ماں کا دودھ پلانے سے کرونا جراثیم بچے میں منتقل ہوتے ہیں، اگر ماں یا بچے کو سانس لینے میں دشواری جیسی علامات محسوس ہوں تو نزدیکی مرکز صحت سے رابطہ کریں۔