پیر, اپریل 21, 2025
اشتہار

’شعیب ہمارا بچہ ہے‘ زرداری نے سابق فاسٹ بولر کی مدد کیسے کی؟

اشتہار

حیرت انگیز

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے ان کی مدد کیے جانے کی کہانی بیان کردی۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے نجی میڈیا کو انٹرویو کے دوران اپنی کتاب میں لکھے ایک واقعے کا ذکر کیا اور بتایا کہ پانچ سالہ پابندی کو سابق صدر آصف علی زرداری نے ختم کروایا تھا۔

شعیب اختر نے بتایا کہ ماضی میں دو سال کی پابندی لگی تو راولپنڈی کے ایک وفاقی وزیر کو فون کیا جس پر انہوں نے مجھے اپنے گھر بلایا لیکن کوئی مدد کرنے کے بجائے گھر میں داخل نہیں ہونے دیا اور گیٹ سے واپس بھیج دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ میرے لیے مددد نہیں سبق تھا، میں نے اسی وقت انٹرکام پر کہا تھا کہ آپ نے مجھے ذلیل کرنا تھا تو بلایا کیوں؟ انہیں کہا تھا کہ یاد رکھیے گا آپ وزیر ہیں لیکن نام آپ کا نہیں میرا ہی زندہ رہے گا جس پر انہوں نے کہا تھا کہ دیکھتے ہیں۔

شعیب اختر نے سابق صدر آصف زرداری کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ جب مجھ پر پانچ سال کی پابندی لگی تو میرے دوست فیصل بٹ مجھے زرداری صاحب کے پاس لے گئے جس پر انہوں نے چیئرمین پی سی بی نسیم اشرف کو فون کرکے کہا ’شعیب ہمارا بچہ ہے اسے آئی پی ایل کھیلنا ہے تم اس پر لگی پابندی کو ختم کرتے ہو یا ہم چیئرمین نیا لگادیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ اس وقت کے بعد نسیم اشرف کو آدھی رات میں کہیں سے اٹھا کر لے آیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ شعیب اختر نے پانچ سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد آئی پی ایل میں دھوم مچادی تھی اور شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو میچ میں کامیابی سے ہمکنار کروایا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں