لاہور: سال 2019 پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے مایوس کن ثابت ہوا، ایک روزہ کرکٹ میں بھی پاکستان کی کارکردگی متاثر کن نہ رہی، 4 میں سے پاکستان نے صرف 1 سیریز جیتی، جبکہ ورلڈکپ میں بھی قومی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ نہ بناسکی۔
تفصیلات کے مطابق سال 2019 کا آغاز قومی ٹیم نے مثبت انداز میں کیا، پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 5 وکٹوں سے شکست دی، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹکر کا مقابلہ ہوا، دوسرا اور تیسرا میچ جنوبی افریقہ جب کہ چوتھا میچ پاکستان نے جیتا۔
سیریز کے آخری اور فیصلہ کن معرکے میں میزبان ٹیم نے یکطرفہ مقابلہ جیت کر سیریز 3-2 سے اپنے نام کرلی، پاکستان نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو آرام کروایا۔ یو اے ای میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 5 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا۔
حارث سہیل اور محمد رضوان کی سنچریوں کے باوجود پاکستان ایک بھی میچ نہ جیت پایا۔
ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ سے 5 میچز کی سیریز میں بھی قومی ٹیم بری طرح ناکام رہی۔ پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا، جبکہ بقیہ 4 میچز انگلینڈ کے نام رہے اور سیریز 4-0 سے جیت لی۔ آئی سی سی ورلڈکپ کے ابتدائی مرحلے میں قومی ٹیم شکستوں کے ملبے تلے دب گئی۔
عالمی سطح پر 2019 پاکستان کی فتوحات کا سال
علاوہ ازیں ویسٹ انڈیز، بھارت اور آسٹریلیا سے شکست ہوئی۔ پاکستان نے کم بیک کرتے ہوئے نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور افغانستان کو ٹھکانے لگایا لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا، قومی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ نہ بناسکی۔
سال کا اختتام پاکستان کے لیے اچھا رہا، 10 سال بعد ملک میں ون ڈے کرکٹ بحال ہوئی، سری لنکا کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کی، پہلا میچ بارش کے باعث بغیر نتیجہ ختم ہوا، بقیہ 2 میچز پاکستان نے با آسانی جیت لیے۔
پاکستان نے مجموعی طور پر 2019 میں 26 ون ڈے میچز کھیلے، 9 میچز جیتتے، 15 میں قومی ٹیم کو شکست ہوئی جب کہ 2 میچز بغیر نتیجہ ختم ہوئے۔