جنیوا: عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے دنیا کو امید دلائی ہے کہ کوروناوائرس پر جلد قابو پالیا جائے گا کیوں کہ بیشتر ممالک میں ویکسی نیشن کا آغاز ہوچکا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے مختلف ممالک میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، امید ہے جلد ہی ہم وبا پر قابو پالیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے اعتراف کیا کہ غریب ممالک ابھی ویکسی نیشن کی سہولت سے محروم ہیں۔
عالمی ادارے نے کہا کہ ہمیں آپس میں لڑنے کے بجائے کورونا کے خلاف جنگ کرنا ہوگا، ترقی یافتہ ممالک اپنے عوام کو ویکسین فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں جبکہ غریب ممالک ویکسین کی پہلی کھیپ کے منتظر ہیں۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں عالمی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 کروڑ 8 لاکھ 39 ہزار 430 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 21 لاکھ 67 ہزار سے زائد چکی ہیں۔
کورونامریضوں کیلئے عالمی ادارہ صحت کی نئی گائیڈلائنز جاری
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے طویل المعیاد کورونا علامات کا سامنا کرنے والے مریضوں کے لیے نئی گائیڈلائنز جاری کردیں جس کے تحت اس پیچیدہ مسئلے سے نمٹنے میں آسانی ہوگی۔
گائیڈلائنز کے تحت گھر میں موجود کورونا مریضوں کے خون کا آکسیجن اور دل کی دھڑکن ماپنے کے لیے ‘پلس آکرزیمیٹر’ آلہ استعمال کیا جائے، اس طرح مریض کی حالت جاننے میں آسانی ہوگی اور یہ بھی پتا لگایا جاسکے گا کہ اسے اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں ہے۔