پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو بھی بالی ووڈ سے کئی فلموں کی آفرز ہوئیں یہ انکشاف خود اپنے ایک انٹرویو میں کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ با صلاحیت اور خوبرو کرکٹرز سے بھری پڑی ہے اور ان کرکٹرز پر بھارتی فلم انڈسٹری اور شوبز کی مہربانیاں نئی بات نہیں ہیں۔ ماضی کے اسٹائلش بیٹر خوبرو محسن خان تو کئی بالی ووڈ فلموں میں ہیرو جلوہ گر ہو چکے۔ وسیم اکرم، شعیب ملک، شعیب اختر کئی بھارتی ٹی وی شوز میں شرکت کر چکے۔
تاہم سابق کپتان اور اپنی جارحانہ بلے بازی کی وجہ سے بوم بوم کے نام سے مشہور شاہد آفریدی نے بھی یہ انکشاف کر دیا ہے کہ انہیں بھی بھارتی فلم انڈسٹری سے کئی بار فلموں کی پیشکش ہو چکی ہے۔
ایک مقامی نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے جہاں اپنی پیشہ ورانہ اور نجی زندگی کے بارے میں گفتگو کی وہیں انہوں نے یہ بھی انکشاف کر ڈالا کہ ماضی میں انہیں متعدد بار بھارتی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوتی رہی ہے۔
شاہد آفریدی نے میزبان کے سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں دو سے تین بار بھارتی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی لیکن میں نے مسترد کر دکی کیونکہ میرا خیال ہے کہ انسان کو وہی کرنا چاہیے جو وہ کر سکتا ہے۔
سابق آل راؤنڈر کپتان نے کہا کہ میری شناخت کرکٹ سے ہے، میں نے فلموں میں کام نہیں کیا اور نہ ہی میری فیملی سے کبھی کسی نے کام کیا لہٰذا میں نے اس حوالے سے اب تک نہیں سوچا۔ تاہم کچھ کمرشل کیلیے ضرور کام کیا ہے لیکن اس سے زیادہ کچھ نہیں کیا۔