اتوار, جون 23, 2024
اشتہار

ورلڈ کپ کے بھارت آسٹریلیا میچ میں کتنے نئے ریکارڈ بنے؟

اشتہار

حیرت انگیز

ورلڈ کپ 2023 میں بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا لیکن اس لو اسکورنگ میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی جانب سے کئی ریکارڈز بنائے گئے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں گزشتہ اتوار کو بھارت نے لو اسکورنگ میچ میں پانچ بار کی دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔

بھارت نے پہلے آسٹریلیا کو 199 رنز پر چلتا کیا اور پھر 4 وکٹوں پر ہدف حاصل کر کے جیت اپنے نام کی تاہم بھارتی اننگ کا آغاز بھی خاصا ڈراؤنا اور سنسنی خیز ثابت ہوا جب ٹاپ آرڈر تین بلے باز بغیر کوئی رن بنائے صفر پر واپس پویلین لوٹ گئے۔

- Advertisement -

میزبان کی جیت کے ساتھ ختم ہونے والے اس میچ میں دونوں جانب سے کرکٹ کے کئی نئے عالمی اور ملکی ریکارڈز بنائے گئے۔

آسٹریلوی بولر مچل اسٹارک اس میچ میں کرکٹ ورلڈ کپ میں سب سے کم میچوں میں وکٹوں کی نصف سنچری مکمل کرنے والے دنیا کے تیز ترین بولر بن گئے۔

مچل اسٹارک نے جب بھارتی اوپنر ایشان کشن کو صفر پر آؤٹ کیا تو یہ ورلڈ میں ان کا 19 واں میچ اور 50 واں شکار تھا۔ اس سے قبل آسٹریلوی فاسٹ بولر میک گرا اور سری لنکا کے سابق اسپنر متھایا مرلی دھرن 50 وکٹوں کے حصول کے لیے 30، 30 میچز کھیلے تھے۔

اسی میچ میں ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کے درمیان 165 رنز کی پارٹنر شپ آسٹریلیا کے خلاف کسی بھی وکٹ کے لیے دوسری سب سے بڑی شراکت ہے۔

کوہلی جو اپنا چوتھا ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں انہوں نے پہلی بار ورلڈ کپ کے میچ میں پچ پر رن کے لیے دوڑ کر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

یہ میچ آسٹریلیا تو ہار گیا لیکن آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر نے سابق بھارتی کپتان سچن ٹنڈولکر سے ورلڈ کپ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ چھین لیا۔

گزری اتوار کو جب بھارت کے کپتان پہلی بار ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی قیادت کے لیے میدان میں اترے تو ان کی عمر 36 سال اور 163 دن تھی یوں وہ عالمی کپ میں قیادت کرنے والے سب سے عمر رسیدہ بھارتی کپتان بن گئے ان سے قبل یہ ریکارڈ اظہر الدین کے پاس تھا۔

میچ کے لیے فتح گر اننگ کھیلنے والے کے ایل راہول کے ناٹ آؤٹ 97 رنز ورلڈ کپ میں کسی بھی ہندوستانی بلے باز کے 90 پلس پر ناٹ آؤٹ رہنے کا دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل دھونی نے 2011 میں ورلڈ کپ فائنل میں 91 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگ کھیلی تھی۔

کے ایل راہول ون ڈے ورلڈ کپ میں وکٹ کیپر کے طور پر سب سے بڑی اننگ کھیلنے والے بھارت کے دوسرے بلے باز بنے۔ اس سے قبل ڈریوڈ نے 1996 ورلڈ کپ میں 145 رنز کی اننگ کھیلی تھی۔

یہ واقعہ بھی بھارت کی ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار پیش آیا جب بھارتی ٹیم کے چار میں سے تین ٹاپ آرڈر بلے باز کسی ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں