معروف تحقیقی ادارے ’گیلپ‘ کی جانب سے کیے جانے والے تازہ سروے میں اس بات کا پتا لگایا گیا ہے کہ کتنے فیصد پاکستانی مرد اور خواتین اپنے بالوں میں کلر لگاتے ہیں۔
اس دلچسپ سروے کے لیے جن مردوں اور خواتین کو متخب کیا گیا تھا ان سے سوال پوچھا گیا تھا کہ ’کیا آپ اپنے بالوں کو رنگتے ہیں؟‘ جس کے جواب میں 10 سے 3 پاکستانیوں نے بتایا کہ وہ اپنے بالوں کو رنگنے کے لیے ’ہیئر ڈائی‘ کا استعمال کرتے ہیں۔
پاکستان کی ریسرج اور کنسلٹینسی فرم کی تحقیق کے تناسب نکالا جائے تو پاکستانی مرد و خواتین کی 30 فیصد سے زائد تعداد ایسی ہے جو اپنے بالوں کو رنگ کرتی ہے۔
بالوں کو کلرکرنے کے سوال کے جواب میں 32 فیصد مردوں اور خواتین کا کہنا تھا کہ ’ہاں، ہم اپنے بالوں کو رنگ کرتے ہیں‘ جبکہ 68 فیصد کے مطابق وہ اپنے بالوں کو رنگ نہیں کرتے۔
مذکورہ سروے پاکستان کے چاروں صوبوں کی دیہی اور شہری آبادی کے 853 مردوں اور خواتین سے 24 سے 28 اگست 2023 کے دوران کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے ’گیلپ‘ کا کہنا ہے کہ سروے میں غلطی کی بات کی جائے تو اس کا تخمینہ 2 سے 3 فیصد تک ہو سکتا ہے۔
تحقیقی ادارے نے پاکستان کے مرد و خواتین سے ان کی آرا جاننے کے لیے ٹیلی فون کال کا استعمال کیا تھا اور ان سے فون پر معلومات حاصل کرتے ہوئے سروے مکمل کیا گیا تھا۔