اسلام آباد: رواں سال کتنے پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے؟ اس حوالے سے تفصیلات آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق رواں سال ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
نجی حج کمپنیوں کے ذریعے 90 ہزار کے قریب پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے، چھ جون تک 236 حج پروازوں کے ذریعے 62 ہزار 5 سو عازمین کرام مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔
پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 36 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچے ہیں، ترجمان مذہبی امورنے کہا کہ حج فلائٹ آپریشن 9 جون تک جاری رہے گا۔
سعودی عرب میں ڈی جی حج اور پاکستان حج مشن کی سربراہی میں 6 ڈائریکٹرز مختلف شعبہ جات کے انتظامی امور کے ذمہ دار ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور کے 166 حج میڈیکل مشن کے 375 ڈاکٹرز اور سٹاف کو ذمہ داری دی گئی ہے ، پانچ سوگیارہ معاونین حج مکہ ، مدینہ اور جدہ میں 24 گھنٹے مصروف عمل ہیں۔
مکہ مکرمہ کے مین کنٹرول شکایات منجمنٹ سیل، قائم کئے گئے ہیں اور کال سینٹر، گمشدگی و بازیابی، حرم گائیڈز، مدینہ روانگی و آمد سیل، وہیل چیئر ڈیسک، اکاونٹس سیل کام کر رہے ہیں۔
ڈائریکٹر معاونین کے زیر انتظام مکہ کے 9 انتظامی سیکٹرز میں عازمینِ حج کی رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کا نظام مصروف عمل ہیں۔
ڈائریکٹر مانیٹرنگ کی سربراہی میں 902 نجی حج کمپنیوں کی مانیٹرنگ اور انکے ذریعے آنے والے قریبا 90 ہزار نجی حجاج کی شکایات کا اذالہ اور فیڈ بیک حاصل کیا جا رہا ہے، اب تک 457 نجی حج کمپنیوں کی مانیٹرنگ مکمل ہو چکی ہے، 85شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 78 کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔
ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن کے زیر انتظام مکہ اور مدینہ میں ایک ایک مرکزی ہسپتال اور درجن بھر ڈسپنسریاں کام کر رہی ہیں ۔ وزارت کے نئے اقدام میں حج ڈیجیٹائزیشن ہیں۔
پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے عازمینِ حج کی تمام تر معلومات، راستوں کی رہنمائی، شکایات کا فوری ازالہ کیاگیا، شارٹ حج پیکیج بھی متعارف کیا گیا ہے، مصروفیت یا مختصر چھٹی کے باعث مقامی و سمندر پار پاکستانیوں کیلئے 20 تا 25 دن پر مشتمل شارٹ حج ہوگا۔
ملک بھر میں تحصیل اور ضلع کی سطح پر ملٹی میڈیا کے ذریعے دو تربیتی ورکشاپس کا انعقادکیاگیا، تمام عازمین کرام کیلئے ایام حج میں منیٰ، عرفات، مذدلفہ اور جمرات کے درمیان مشاعر ٹرین کی سہولت میسرآئے گی۔
تمام عازمینِ حج کیلئے مخصوص شناخت اور کیو آر کوڈ سے مزئین ایک بڑا ٹرالی بیگ، ایک ہینڈ کیری اور شوز بیگ، خواتین عازمینِ حج کیلئے پاکستانی پرچم والا ایک عدد سبز سکارف اور مرد عازمینِ حج کیلئے ایک عدد احرام بیلٹ میسر ہوگی۔