تازہ ترین

عمان میں کچرہ پھیکنے پر 100 ریال جرمانے سے کیسے بچیں؟

مسقط: اپنے شان دار قدرتی سیاحتی مقامات کے ساتھ عمان دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے جنت سے کم نہیں ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ عمان میں کچرہ پھیکنے پر 100 ریال جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔

عمان اپنی مسحور کن قدرتی دل کشی سے سب کو حیران کرتا آ رہا ہے، جنگلی وادی، بلند و بالا پہاڑ، وسیع صحرا، اور پرسکون سمندر غرض کہ سلطنت کا جغرافیہ ہر طرح کے بیرونی شائقین کے لیے کچھ نہ کچھ رکھتا ہے۔

عمان کا موجودہ موسم خاص طور پر پکنک یا باربی کیو نائٹ کے لیے موزوں ہے، اس موسم میں عمان میں کیمپنگ کے لیے جوق در جوق لوگ چلے آتے ہیں۔

تاہم، کیمپنگ کرنے والے کچھ بے پروا لوگ قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کے بعد وہاں پلاسٹک کی بوتلیں اور دیگر کوڑا کرکٹ چھوڑ کر چلے جاتے ہیں، جس سے ماحولیات کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔

قدرتی ماحول میں کوڑا کرکٹ ایک گھمبیر مسئلہ ہے جس کی وجہ سے ہماری آنے والی نسلیں متاثر ہوں گی۔

عمان میں ان لوگوں کے لیے سخت قوانین ہیں جو ماحول کو خراب کرتے ہیں، پہلی بار قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 100 عمانی ریال جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے اور اگر غلطی دہرائی گئی تو جرمانے میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

لیکن کیمپنگ کرنے والے افراد اس جرمانے سے کیسے بچیں؟ آپ چند اقدامات کر کے اس سے بچ سکتے ہیں۔

1: دوبارہ قابل استعمال اشیا ساتھ لیں

پلاسٹک کی ایسی اشیا جنھیں استعمال کے بعد پھینک دیا جاتا ہے، انھیں استعمال نہ کریں۔ کیچپ کے کئی ساشے استعمال کرنے کی بجائے پلاسٹک کی بوتل استعمال کریں اور یہ بوتل بھی نہ پھینکیں، بلکہ دوبارہ استعمال کے لیے ساتھ لے کر جائیں، پلیٹیں بھی سخت پلاسٹک کی استعمال کریں۔

2: کفایت شعاری

زیادہ اشیا یا زیادہ کھانا لے کر نہ چلیں، یا زیادہ کھانا نہ پکائیں، تاکہ بچے ہوئے کھانے کو نہ پھینکنا پڑے۔ آوارہ جانوروں کو کھلانے کے لیے ادھر ادھر چیزیں نہ پھینکیں بلکہ پلیٹ میں ایک جگہ رکھ دیں۔ جگہ چھوڑنے سے قبل اسے کوڑے کرکٹ سے صاف کر کے اٹھیں۔

3: کچرے کی تھیلی ساتھ رکھیں

کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لیے تھیلے ساتھ رکھیں اور بھرنے کے بعد انھیں کوڑے دانوں میں ڈالیں۔

4: کچرا کم بنائیں

کچھ آسان اقدامات کر کے کچرے کی پیداوار کم ہو سکتی ہے۔ ٹشو پیپر کی بجائے برتن اور ہاتھ دھونے کے لیے پانی کا کین ساتھ رکھیں۔ ڈسپوزایبل کٹلری کی بجائے دوبارہ استعمال کے قابل کٹلری کا استعمال کریں۔ پانی کی چھوٹی بوتلوں کی جگہ 8 لیٹر کی بوتل ساتھ لیں۔ چٹائی ساتھ رکھیں۔

اگر آپ سمندر یا وادی کے کنارے کیمپ لگا رہے ہیں، تو آبی ذخائر کو ڈمپنگ گراؤنڈ نہ سمجھیں، کیمپنگ اور پکنک کو تباہی میں بدلتے ہوئے دیکھنا افسوس ناک منظر ہے، ہمیشہ خیال رکھیں اور اپنا پکنک کا کوڑا اٹھائیں۔

Comments

- Advertisement -