گاجر کا حلوہ سردیوں کی خاص سوغات ہے اور یہ صحت کے لیے نہایت مفید بھی ہے، آج ہم آپ کو دیسی گھی میں گاجر کا حلوہ بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔
گاجر کا حلوہ بنانے کے لیے مندرجہ ذیل اجزا کی ضرورت ہوگی۔
اجزا
کچی اور چھوٹی گاجریں: 2 کلو
چینی: 400 گرام
ثابت الائچی: 3 سے 4 دانے
دودھ: 2 کلو
دیسی گھی: 200 گرام
زعفران: 1 چٹکی
عرق گلاب: 1 چائے کا چمچ
ترکیب
سب سے پہلے گاجروں کو کدوکش کرلیں، کدوکش کرنے سے پہلے اور بعد میں انہیں اچھی طرح دھو لیں۔
گاجروں کو چولہے پر چڑھائیں اور چینی ڈال دیں، جب چینی پانی چھوڑنا شروع کرے تو اسے ڈھک کر ہلکی آنچ پر چھوڑ دیں۔ 50 منٹ تک ہلکی آنچ پر رہنے دیں اور اس دوران تھوڑی تھوڑی دیر بعد ایک بار چمچہ چلا لیں۔
ثابت الائچی بھی اسی دوران شامل کردیں۔
چینی کا پانی خشک ہوجائے تو اس میں دیسی گھی شامل کریں اور اس کو 5 منٹ تک بھونیں۔
اس دوران دودھ سے کھویا بنا لیں، 2 کلو دودھ سے 400 گرام کھویا بنے گا، کھویا بناتے ہوئے اس میں چند قطرے دیسی گھی کے ڈال دیں اس سے کھویا برتن میں نہیں لگے گا۔
گاجر کو بھوننے کے بعد اس میں کھویا شامل کردیں، بعد ازاں عرق گلاب میں زعفران ملائیں اور اسے حلوے میں شامل کردیں۔
پستہ، بادام چھڑک کر مزیدار گرما گرم حلوہ سرو کریں۔