میک اپ کے بعد چہرے کے تمام حصوں کو متوازن ہونا چاہیئے، کوئی ایک چیز بھی غیر متوازن ہوگی تو یہ پورے چہرے کا تاثر خراب کرسکتی ہے، میک اپ کرتے ہوئے ابروؤں کا بھی خاص خیال رکھنا ضروری ہے۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں بینش پرویز نے چہرے کی ابروؤں یا آئی بروز کو خوبصورت بنانے کا طریقہ بتایا۔
بینش نے بتایا کہ چاہے برائیڈل میک اپ ہو یا عام دنوں میں کیا جانے والا میک اپ اگر آئی بروز میں نفاست نہیں ہوگی تو پورے چہرے کا لک خراب ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ہلکی ابروؤں کو بڑھانے کا طریقہ یہ ہے کہ اسے پینسل سے اوپر ماتھے کی طرف بڑھایا جائے، نیچے کی طرف بڑھانے سے آنکھ اور آئی برو کے درمیان کی جگہ مزید کم ہوجائے گی۔
بینش نے یہ بھی بتایا کہ ابرو کو آنکھ کے اختتام پر ختم ہوجانا چاہیئے، لمبی بھنویں چہرے کا تاثر خراب کرتی ہیں۔ علاوہ ازیں اس سے آنکھ بھی چھوٹی معلوم ہوتی ہے واضح دکھائی نہیں دیتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنکھ پر گلیٹر لگاتے ہوئے خیال رکھیں کہ وہی گلیٹر لگائیں جو خاص طور پر آنکھوں کے لیے بنائے جاتے ہیں، کسی بھی قسم کے گلیٹرز لگا لینے سے گریز کیا جائے۔