منگل, جون 25, 2024
اشتہار

عیدالاضحیٰ پر پاکستان میں موسم کیسا رہے گا؟

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان بھر میں کل عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی عید ایام میں ملک کا موسم کیسا رہے گا سب جاننے کے لیے بے چین ہیں۔

پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک میں عیدالاضحیٰ کا تہوار کل مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ عید سے قبل ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور کہیں کہیں بادل اٹکھیلیاں کرتے نظر آ رہے ہیں۔ ایسے میں عوام الناس متجسس ہیں کہ ایام عید میں موسم کیا رہے گا۔

اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے انتباہ جاری کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کے چند علاقوں میں طوفان باد وباراں کا امکان ہے جس کے دوران شہریوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہو گی جب کہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر رکھی ہے کہ منگل 18 جون کو بحیرہ عرب سے نم ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ 19 سے 22 جون کے دوران شدید گرمی میں کمی کا امکان ہے۔

- Advertisement -

اس پیشگوئی کے مطابق ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ 18 جون کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے دوران گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔

اتوار 16 اور پیر 17 جون کو گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ 19 جون سے 22 جون کے دوران گلگت بلتستان  کے علاقوں دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گا نچھے، شِگر اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔‘

خیبر پختونخوا  میں 16 جون سے 18 جون کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ 18 جون کی رات سے 22 جون کے دوران چند علاقوں میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کےعلاوہ چند مقامات پر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے علاقوں مری، گلیات، راولپنڈی، بھکر، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، ننکانہ، لاہور، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، وزیرآباد، سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 16 جون سے 18 جون کے دوران صوبہ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم 18 جون کی رات سے 22 جون کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات میں آندھی وجھکڑ چلنے اور گرج چمک کے علاوہ بعض مقامات پر وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

اسی طرح 20 سے 22 جون کے دوران بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان ، ساہیوال، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی آندھی و جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں 17 سے 20 جون کے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم 21 سے 22 جون کے دوران سکھر، جیکب آباد، کشمور اور لاڑکانہ میں آندھی/ جھکڑ چلنے اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان میں 16 سے 18 جون کے دوران صوبہ کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ 20 جون سے 22 جون کے دوران کوئٹہ، ژوب، کوہلو، لورالائی اور بارکھان میں آندھی اور جھکڑ چلنے اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں