اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اردن کی شہزادی سارہ زید کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت خوراک کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اردن کی شہزادی سارہ زید دفتر خارجہ پہنچیں جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ شہزادی سارہ زید کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بالمشافہ ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں نادار اور کمزور طبقات کی خوراک اور آبی تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت زچہ و بچہ سے متعلق آگاہی کے عزم کو سراہا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت خوراک کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے، خوراک کی کمی اور بچوں کی نشوونما کے مسائل سے نمٹنا ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیر خارجہ نےشہزادی کو خواتین کو بااختیار بنانے اور غربت کے خاتمے کے لیے احساس پروگرام سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ کی دعوت پر 3 عالمی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔
اس سے قبل اردن کی شہزادی نے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا سے ملاقات کی تھی۔
ڈاکٹر ظفرمرزا کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں نیوٹریشن اور اسٹنٹنگ کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ نیوٹریشن کے حوالے سے پاکستان شہزادی سارا کے لیے اہم ملک ہے، وہ نیوٹریشن کے حوالے سے فنڈ قائم کرنا چاہتی ہیں۔