بدھ, مارچ 26, 2025
اشتہار

نیب کی حدیبیہ پیپرملز سے متعلق سپریم کورٹ میں اپیل سماعت کیلئے منظور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : حدیبیہ پیپر ملز کیس میں سپریم کورٹ نے نیب کی اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی، اپیل میں لاہورہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے جبکہ نوازشریف،وزیراعلی پنجاب اورحمزہ شہباز فریق نامزد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے نیب کی حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے کی اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی، نیب کی اپیل کو سی پی ایل اےنمبر3258الاٹ کردیا گیا ہے جبکہ نیب کی اپیل پر کوئی اعتراض عائد نہیں کیا گیا۔

اس سے قبل نیب نے حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے کے لئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، جس میں لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر مزید تحقیقات کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں مقدمے سے متعلق نئے شواہد سامنے آئے ہیں، ہائیکورٹ نے حقائق کو دیکھے بغیر مقدمے کا فیصلہ کیا، نئے شواہد کی روشنی میں نیب کی اپیل کو سماعت کیلئے منظور کیا جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عظمیٰ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف کارروائی کرے جس میں عدالت عالیہ کے دو ججوں کے درمیان اس کیس پر فیصلہ ٹائی ہوا تھا اور تیسرے ریفری جج نے کیس ختم کرنے کا کہا تھا، نیب کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اس معاملے میں کچھ چیزیں ضروری ہے جن کی نیب تحقیقات کرنا چاہتا ہے۔

دائر اپیل میں کہا گیا ہے کہ قانونی معیاد میں اپیل دائرنہ کرنے کی قدغن ختم کی جائے، ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر مزید تحقیقات کی اجازت دی جائے۔


مزید پڑھیں : نیب کا حدیبیہ پیپر ملز کیس میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ


نیب نے اپیل میں نوازشریف، شہبازشریف اور حمزہ شہباز اور دیگر کو فریق بنایا ہے۔

یاد رہے چند روز قبل نیب نے حدیبیہ پیپر ملز کیس میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، ترجمان کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جائیگی، اپیل لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی جائیگی۔

دوسری جانب پاناما کیس پر نظرثانی اپیلوں کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے  نیب کو ایک ہفتے میں حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے کی ہدایت دی تھی، جس پر نیب حکام نے عدالت کو کیس پر اپیل دائر کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز دائر کردیئے ہیں جب کہ احتساب عدالت کے طلب کرنے پر بھی شریف خاندان عدالت میں پیش نہیں ہوا جس کے باعث انہیں دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں