اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

کیمیکل فیکٹری میں دھماکہ، قریبی آبادی کے لیے احتیاطی ہدایات جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کاتالونیا: اسپین کی کیمیکل فیکٹری میں دھماکے سے ایک شخص ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے، حکام کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں رہنے اور باہر نہ نکلنے کی تاکید کی گئی ہے۔

افسوسناک حادثہ اسپین کے شمال مشرقی علاقے اور ریاست کاتالونیا کے علاقے تیراگونا میں ہوا، حادثے میں اب تک 1 شخص جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے 2 فیکٹری کے ملازم ہیں جو بری طرح جھلس گئے ہیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والی فیکٹری ایتھلین آکسائیڈ کی مصنوعات بشمول ڈٹرجنٹ تیار کرنے والی اسپین کی واحد فیکٹری ہے، اس شہر میں متعدد کیمیکل فیکٹریز واقع ہیں جس کے باعث اس شہر کو کیمیکل حب کہا جاتا ہے۔

- Advertisement -

حادثے کے بعد 29 ایمرجنسی گاڑیاں جائے وقوع کی جانب روانہ کردی گئی ہیں۔ واقعے میں ایک اور شخص لاپتہ ہے تاہم اس کے بارے میں امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ دھماکے سے قبل ہی جائے وقوع سے روانہ ہوچکا تھا۔

دھماکے میں ہلاک ہونے والا شخص برابر واقع عمارت میں موجود تھا، دھماکوں کے باعث عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا اور مذکورہ شخص کی ملبے تلے دبنے سے موت واقع ہوگئی۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد انہوں نے مذکورہ مقام پر آسمان پر دھوئیں کے گاڑھے بادل بنتے دیکھے۔

حکام نے آس پاس مقیم تقریباً 3 لاکھ افراد کو احتیاطاً گھروں میں رہنے اور گھروں کی کھڑکیاں دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی ہے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ زہریلی گیسوں کے پھیلاؤ کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں