بالی ووڈ فلم میکر سورج برجاتیا نے سالوں بعد انکشاف کیا ہے کہ فیملی ڈرامہ فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کے لیے سیف علی خان ان کی پہلی پسند نہیں تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حالیہ انٹرویو میں سورج برجاتیا نے بتایا کہ ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ میں پہلے شاہ رخ خان کو منتخب کرنا تھا لیکن بعد میں ان کی جگہ سیف علی خان کو شامل کیا گیا۔
برجاتیا نے کہا کہ سیف اس پراجیکٹ کے لیے کافی پریشان تھے کیونکہ اس وقت ان کی فلمیں اچھا بزنس نہیں کررہی تھیں، جب فلمیں نہیں چلتیں تو اداکار تھوڑا نروس ہوجاتا ہے اور انہیں بڑے اداکاروں کے ساتھ پہلی بار شامل کیا جارہا تھا، سیف کی گھبراہٹ نے ان کی کارکردگی کو متاثر کیا اور یہ توانائی خاص طور پر ’سنو جی دلہن‘ میں واضح تھی۔
واضح رہے کہ سیف علی خان کے علاوہ ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ میں کرشمہ کپور، سلمان خان، سونالی بیندرے، تبو، نیلم اور موہنیش بہل نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ 1999 میں ریلیز ہونے فلم باکس آف پر ہٹ ثابت ہوئی۔
یاد رہے کہ ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ میں سیف علی خان کی جوڑی کرشمہ کپور کے ساتھ بنائی گئی تھی اور دونوں کا کردار مداحوں کو پسند آیا تھا۔