اتوار, مارچ 30, 2025
اشتہار

رفاقت کی تمنا سرشتِ آدم ہے!

اشتہار

حیرت انگیز

انسان کی زندگی کے مختلف ادوار میں اس کے جذبات و احساسات اور ضروریات بھی بدلتی رہتی ہیں۔ وہ عمر کے ساتھ اپنے ہم جنسوں کے ساتھ میل جول بڑھاتا ہے اور خاص طور پر اپنے ہم خیالوں کے درمیان رہنا پسند کرتا ہے، کیوں کہ یہ اس کی فطرت میں داخل ہے۔ کسی بھی معاشرے میں انسان الگ تھلگ اور تنہا نہیں رہ سکتا۔ ہم اکثر سنتے ہیں کہ فلاں تنہائی پسند ہے مگر کچھ وقت یا چند دنوں کے لیے اپنے جیسے دوسرے انسانوں سے دوری اختیار کرنے کی کوئی وجہ ہوسکتی ہے اور جلد ہی انسان تنہائی سے تنگ آجاتا ہے۔

شعرا کے یہاں تنہائی اور مردم بیزاری ایک کیفیت اور حالت کے نام پر خوب نظر آتی ہے اور اکثر وہ تنہائی اور اداسی کو اپنے اشعار کا موضوع بناتے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ رفیق و دم ساز کی ضرورت انسان کو ہمیشہ رہی ہے۔ معروف روحانی اسکالر، مصنف اور شاعر واصف علی واصف کی ایک تحریر سے یہ اقتباس اسی موضوع پر ہے۔ ملاحظہ کیجیے:

رفاقت کی تمنا سرشتِ آدم ہے۔ انسان کو ہر مقام پر رفیق کی ضرورت ہے۔ جنت بھی انسان کو تسکین نہیں دے سکتی اگر اس میں کوئی ساتھی نہ ہو۔ کوئی اور انسان نہ ہو، کوئی ہم راز نہ ہو۔ کوئی سننے والا کوئی سنانے والا نہ ہو۔ آسمانوں پر بھی انسان کو انسان کی تمنا رہی اور زمین پر بھی انسان کو انسان کی طلب سے مفر ممکن نہیں۔

تنہائی صرف اسی کو زیب دیتی ہے جو ”لا شریک“ ہے۔ جو ماں باپ اور اولاد سے بے نیاز ہے۔ لامکان میں رہنے والا تنہا رہ سکتا ہے، لیکن زمین پر رہنے والا تنہا نہیں رہ سکتا۔ یہ انسان کی ضرورت بھی ہے اور فطرت بھی۔

انسان کسی مقام پر تنہا نہیں رہ سکتا۔ قبل از پیدائش اور بعد از مرگ کے حالات تو اللہ ہی جانتا ہے، لیکن زندگی میں انسان پر کوئی دور ایسا نہیں آتا جب وہ تنہا ہو، نہ جنازہ تنہا نہ شادی تنہا۔

رات کے گہرے سناٹے میں اپنی کرسی پر اکیلا بیٹھا ہوا انسان بھی اکیلا نہیں ہوتا اسے ماضی کی صدائیں آتی ہیں۔ اس کے ساتھ وہ نظارے ہوتے ہیں، جو اس کے سامنے نہیں ہوتے۔ یادوں کے گلاب کھلتے ہیں۔ جلتی بجھتی آنکھوں کے طلسمات وا ہوتے ہیں۔ حسین پیکروں کے خطوط ابھرتے ہیں، ڈوبتے ہیں۔ گزرے ہوئے ایام پھر سے رخصت ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ خشک شاخیں زخموں کی طرح پھر سے ہری ہوتی ہیں اور اس سناٹے میں آوازیں ہی آوازیں آنا شروع ہوتی ہیں اور یوں تنہائی میں تنہائی ممکن نہیں ہوتی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں