لندن: برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو تشویش ناک قرار دیا، انھوں نے کہا کہ انھیں کشمیر کی صورت حال پر شدید تشویش ہے۔
ڈومینک راب نے کہا کہ انسانی حقوق کا مسئلہ پاک بھارت نہیں عالمی مسئلہ ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں، عالمی سطح پر طے انسانی حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں عالمی انسانی حقوق کے اداروں کو رسائی دی جائے، کشمیر میں موجود تناؤ کم کیا جانا چاہیے، مسئلہ کشمیر کو یو این قراردادوں یا شملہ معاہدے کے مطابق حل کریں۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے ایک ماہ مکمل
واضح رہے آج آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے ایک ماہ مکمل ہو گیا ہے، مہینے بھر سے وادی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، جان بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔