کراچی: ایف آئی اے گجرات سرکل نے بدنام زمانہ انسانی اسمگلر اعجاز علی کو گرفتار کر لیا ہے، جو بھاری رقوم کے عوض پاسپورٹس پر جعلی ویزے چسپاں کرنے کے جرم میں ملوث تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلر اعجاز علی کو جی ٹی ایس چوک گجرات سے گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزم انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے گھناؤنے جرم میں ملوث ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم جعلی سفری دستاویزات بنانے کے حوالے سے منظم گینگ چلا رہا تھا، دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر مختلف ممالک کے جعلی ویزے بنائے، یہ گینگ شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسا دے کر لاکھوں روپے بٹورتا تھا۔
ملزم اعجاز علی بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد پاسپورٹ پر جعلی ویزے چسپاں کرتا تھا، چھاپے کے دوران ملزم سے متعدد شناختی کارڈز کی کاپیاں، جعلی ویزا اسٹیکرز برآمد ہوئے، ملزم سے اسپین، انڈین، بیلجئم، یونان، آئرلینڈ، پرتگال، اٹلی اور پاکستانی پاسپورٹ کے جعلی کور بھی برآمد ہوئے۔
ملزم سے پاسپورٹ بنانے میں استعمال ہونے والی لیمینیشن شیٹ، یو اے ای کا جعلی آقامہ ویزا بھی برآمد ہوا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں، شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی ذاتی دستاویزات غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہ کریں، اور ویزا حصول کے لیے ہمیشہ متعلقہ ملک کی ایمبیسی سے رابطہ کریں۔