فیصل آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث موریطانیہ کا لینڈ روٹ ایجنٹ کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، کشتی حادثے میں ملوث لینڈ روٹ ایجنٹ مبشر عنایت کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم مبشر عنایت نے اسپین میں ملازمت دلانے کے لئے شہری سے 47 لاکھ لئے، ملزم مبشر نے شہری کو وزٹ ویزے پر موریطانیہ سے سینیگال بھجوایا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ کشتی سے یورپ بھجوانے پر شہری نے انکار کر دیا، ملزم مبشر سے موبائل فون اور دیگر شواہد برآمد کرلئےگئے۔
ایف آئی اے حکام کا مزید کہنا ہے کہ نیٹ ورک کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں، واضح رہے کہ موریطانیہ سے اسپین سفر کے دوران کشتی حادثے کے نتیجے میں متعدد پاکستانی جاں بحق ہوچکے ہیں۔