لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہمایوں اخترخان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان تمام عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات میں برابری اور توازن رکھنا چاہتا ہے اور قومی مفادات کو ہر صورت پیش نظر رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جتنے بھی غیر ملکی دورے کئے ہیں ان میں تجارت کا فروغ موضوع بحث رہا ہے اور امریکا کے دورے میں بھی یقینی طو رپر اس پر بات ہو گی۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سب سے پہلے اپنی خارجہ پالیسی کی سمت کا تعین کیا ہے اورپاکستان نے اس میدان میں بھرپور کامیابی سمیٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مختلف ممالک سے تجارتی معاہدوں کے لئے بات چیت کر رہی ہے اور اس میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا ہر لحاظ سے غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے جس میں خطے کی صورت حال خصوصاً افغانستان کا معاملہ اہمیت کا حامل ہوگا۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دلیر لیڈر ہیں اور وہ امریکی صدر سے ہونے والی ملاقات میں قوم کے مفاد کو کسی صورت پس پشت نہیں ڈالیں گے کیونکہ انہیں 22 کروڑ عوام کی حمایت حاصل ہے ۔