لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید کے چھوٹے بھائی سلمان سعید رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکار ہمایوں سعید کے چھوٹے بھائی اداکار سلمان سعید شادی کے بندھن میں بندھ گئے، سلمان سعید کی شادی کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی جس میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات نے شرکت کی۔
سلمان سعید کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور ان کے مداحوں کی جانب سے نوبیاہتا جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
اداکار سلمان سعید کی شادی کی تقریب میں نامور فنکار عدنان صدیقی، احمد بٹ، عمران اشرف اور واسع چوہدری نے شرکت کی۔
ان کے علاوہ ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر اور قومی کرکٹر اظہر علی بھی شادی کی تقریب میں شریک تھے۔
واضح رہے کہ سلمان سعید اور ہمایوں سعید کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تقریب کی کوئی تصویر شیئر نہیں کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سلمان سعید بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکے ہیں، سلمان سعید نے حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ’میرا دل میرا دشمن‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، مداحوں کی جانب سے ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا تھا۔