امریکا کی ریاست ورجینیا میں ایک گھر سے دیسی ساختہ سینکڑوں بم برآمد ہوئے ہیں جب کہ جائے وقوعہ سے ایک شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی امریکی سیکیورٹی ایجنسی ایف آئی اے نے ورجینیا کے ایک گھر میں کی، جہاں سے دیسی ساختہ بموں کا ذخیرہ برآمد کر کے وہاں موجود ایک شخص کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ تعداد ایف بی آئی کی تاریخ میں کسی بھی ضبط شدہ دھماکا خیز مواد کی سب سے بڑی مقدار ہے۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ تر دھماکا خیز مواد گھر کے گیراج میں چھپایا گیا تھا، جہاں بم بنانے کے آلات بھی پائے گئے۔ اس کے علاوہ کچھ پائپ بم گھر کی بیڈ روم میں ایک بیگ میں ملے جو کہ بالکل غیر محفوظ تھے۔
تکنیکی ماہرین نے زیادہ تر دھماکا خیز آلات کو موقع پر ہی تباہ کر دیا کیونکہ وہ محفوظ طور پر منتقل کرنے کے قابل نہیں تھے جبکہ کچھ آلات کو تجزیے کےلیے محفوظ کر لیا گیا۔
وفاقی پراسیکیوٹرز نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ ماہ 17 دسمبر کو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے نارفولک کے شمال مغرب میں بریڈ اسپا فورڈ نامی ایک شخص کے گھر کی تلاشی کے دوران 150 سے زائد پائپ بم اور دیگر دھماکا خیز آلات برآمد کیے گئے۔ اس گھر میں اسپافورڈ نامی شخص اپنی اہلیہ اور دو چھوٹے بچوں کے ساتھ رہتا تھا۔
پراسکیوٹر نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ اسپافورڈ کے خلاف تحقیقات کا آغاز 2023 میں ایک مخبر کی اس اطلاع پر ہوا، جس میں بتایا گیا تھا کہ وہ ہتھیاروں اور گولہ بارود ذخیرہ کر رہا ہے۔
گرفتار ملزم اسپافورڈ پر نیشنل فائر آرمز ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ شارٹ بیرل رائفل رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ پراسیکیوٹرز نے اشارہ دیا کہ دھماکہ خیز مواد سے متعلق مزید کئی الزامات بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔