اسلام آباد : بینکوں اور وزارت مذہبی امور کی نااہلی کے باعث حج کیلئے درخواست دینے والے سینکڑوں افراد رل گئے۔
تفصیلات کے مطابق حج 2022 کے لیے بینکوں اور وزارت مذہبی امور کی نااہلی کے باعث سینکڑوں درخواست گزار رل گئے۔
حج قرعہ اندازی میں کامیاب ہونیوالے عازمین حج نے کوہسار بلاک میں احتجاج کیا ، احتجاج میں درجنوں حج درخواست گزار شریک ہوئے۔
متاثرین نے کہا کہ ہم نے کامیابی کا پیغام ملنے پر بینکوں میں واجبات جمع کرائے، 30 مئی کو بینکوں کے منیجرز سے پتہ چلا درخواست عدم ادائیگی پرمسترد ہو گئی ہے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ بینکوں اور وزارت سے رابطہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، سینکڑوں درخواست گزار حج فلائٹس کے انتظار میں ہیں لیکن پتہ چلا نااہل ہوگئے۔
متاثرین نے مزید کہا کہ ہمارے مسئلے ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، درخواستوں کو کامیاب قرار دے کر فلائٹس کا شیڈول جاری کیا جائے، حاجی کیمپس میں تربیت بھی حاصل کر چکے ہیں۔