لندن: برطانیہ میں یورپی یونین سے اخراج کے خلاف لاکھوں افراد نے مظاہرہ کیا، مظاہرین نے یورپی یونین سے اخراج کو نا منظور کرتے ہوئے انخلا کو روکنے کے لیے ریفرنڈم کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں بریگزٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پانچ لاکھ افراد نے شرکت کی، مظاہرین نے یورپی یونین سے علیحدگی کے خلاف برطانوی وزیرِ اعظم سے دوسری مرتبہ ریفرنڈم کا مطالبہ کر دیا۔
[bs-quote quote=”یورپ تک فری رسائی نہ چھینی جائے: مظاہرین کا مطالبہ” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
لندن مظاہرے کو سابق وزرائے اعظم اور حکمران جماعت کے رہنماؤں کی حمایت حاصل تھی، مظاہرین احتجاج کرتے ہوئے پارلیمنٹ اسکوائر پہنچے۔
مظاہرے کے باعث وسطی لندن کی سڑکوں پر ٹریفک شدید طور پر جام ہو گیا، ہیلی کاپٹرز نے پروازیں کیں۔ لندن میں ملینیم مارچ کے بعد یہ سب سے بڑا مظاہرہ تھا۔
مظاہرین نے یورپی یونین سے اخراج کو نا منظور کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان سے یورپ تک فری رسائی کو نہ چھینا جائے۔ میئر صادق خان کہتے ہیں کہ ایک بار عوام کی رائے ضرور لینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: یورپی یونین کا سربراہی اجلاس، بریگزٹ اور مہاجرین کے معاملے پر تبادلہ خیال
مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا ”بریگزٹ نے میرا مستقبل چھین لیا“، مظاہرین میں پورے خاندانوں نے بھی شرکت کی، کئی مظاہرین نے اپنے پالتو جانوروں کو رنگین کپڑے پہنا کر شرکت کی۔