ماں چاہے انسان کی ہو یا جانور کی، وہ اپنے بچوں کو کسی صورت تکلیف میں نہیں دیکھ سکتی اور اُن کی پریشانی دور کرنے کے لیے اپنے طور پر جدوجہد میں لگ جاتی ہے۔
ماں کے رشتے کو دنیا میں سب سے زیادہ اعلیٰ، قریبی اور جذباتی سمجھا کیا جاتا ہے کیونکہ ماں اپنے بچے کی حفاظت اور اُس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرتی۔
سوشل میڈیا پرتھائی لینڈ کے شہر بنکاک کی ایک ایسی ہی ویڈیو وائرل ہوئی ہے کہ جسے دیکھنے والوں کی آنکھیں نہ صرف نم ہوگئیں بلکہ وہ اس ماں کے جذبے کو خراج عقیدت بھی پیش کرتے نظر آئے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھوکا کتا ایک شخص کے پاس آیا اور اُس سے کھانے مانگنے لگا تاہم جیسے ہی اُسے کھانا ملا اُس نے کھانے کے بجائے مرغی کی ران کو منہ میں دبایا اور وہاں سے روانہ ہوگیا۔
ویڈیو بنانے والا شخص اُس کے پیچھے گیا اور دیکھا کہ بھوکے کتے نے وہ بوٹی اپنے بچوں کو دے دی، اس منظر سے متاثر ہونے کے بعد ویڈیو بنانے والے نے اسے انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کردیا جس کے بعد یہ بہت تیزی سے وائرل ہوگئی۔