ہفتہ, اکتوبر 5, 2024
اشتہار

امریکا میں طوفان ہیلین سے 130 شہری ہلاک ہو گئے

اشتہار

حیرت انگیز

شمالی کیرولائنا: امریکا میں سمندری طوفان ہیلین سے پھیلی تباہی اور شدید ہو گئی ہے، 6 ریاستوں میں ہلاکتوں کی تعداد 130 ہو گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوب مشرقی امریکا میں سمندری طوفان ہیلین کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک سو تیس ہو گئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار دیکھنے کے بعد طوفان کے نتیجے میں 600 سے زیادہ اموات کا خدشہ ہے، یہ افراد لاپتا ہیں۔

طوفان کے باعث شمالی کیرولائنا میں سیکڑوں سڑکیں بند ہیں، اور 20 لاکھ سے زیادہ لوگ اب بھی بجلی سے محروم ہیں، امریکی صدر جو بائیڈن طوفان سے متاثرہ علاقوں کا جلد دورہ کریں گے، حکام نے تباہی کے فضائی مناظر کی ویڈیوز جاری کر دی ہیں، نقصان کا تخمینہ سو ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

- Advertisement -

جو بائیڈن نے طوفان کے اثرات کو حیرت انگیز قرار دیا، پیر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امدادی کارروائیوں کے لیے امریکی کانگریس سے اضافی فنڈنگ ​​​​پیکیج کی درخواست کرنی پڑ سکتی ہے۔

فلوریڈا، جارجیا، جنوبی کیرولائنا اور ٹینیسی کے سخت متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، بحالی اور صفائی کی کارروائیاں جاری ہیں، سب سے زیادہ نقصان سیلاب اور طوفانی بارشوں سے ہوا، جس نے پورے علاقے میں سڑکیں اور انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔

طوفان ہیلین نے جمعرات کو فلوریڈا میں لینڈ فال کیا تھا، اس وقت یہ کیٹیگری فور کا سمندری طوفان تھا جس کی رفتار 225 کلومیٹر فی گھنٹہ (140 میل فی گھنٹہ) تھی۔ جب یہ اندرون ملک منتقل ہوا تو یہ کمزور پڑ گیا لیکن اس نے 804 کلو میٹر (500 میل) سے زیادہ کے علاقے میں تباہی مچائی۔

مقامی حکام کے اعداد و شمار کے مطابق شمالی کیرولائنا میں کم از کم 56، جنوبی کیرولائنا میں 30، جارجیا میں 25، فلوریڈا میں 14، ٹینیسی میں 4 اور ورجینیا میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں