مانچسٹر : برطانیہ میں آنے کے بعد سمندری طوفان نے ہر طرف تباہی مچا دی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسکاٹ لینڈ میں اب تک دو افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سمندری طوفان نے برطانیہ میں تباہی مچانے کے بعد آئرلینڈ کا رخ کر لیا ہے۔ جہاں طوفان کے باعث دس لاکھ گھر بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔
یورپی میڈیا کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق طوفان "ایؤوین” یوکے اور آئرلینڈ میں شدید تباہی کا باعث بن رہا ہے، جہاں تیز ہواؤں اور بارش کے سبب اب تک دو افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسکاٹ لینڈ کے شہر اروین میں شدید طوفانی ہواؤں کے سبب 49 سالہ شخص گھر کی چھت کی ٹائلز گرنے سے ہلاک ہوگیا جبکہ آئرلینڈ کی کاؤنٹی ڈونیگال میں ایک درخت کار پر گرنے سے ایک اور شخص جاں بحق ہوا۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں ریڈ وارننگ جاری کر رکھی تھیں، شمالی آئرلینڈ میں صبح 114میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں ریکارڈ کی گئیں جو آئر لینڈ میں اب تک کی سب سے تیز ہواؤں کا ریکارڈ ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے اسکاٹ لینڈ اور نارتھ آئرلینڈ میں کل برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، آنے والے ایک نئے کم دباؤ کے سسٹم کی وجہ سے موسم میں بہتری کی کوئی امید نہیں۔
شدید سمندی طوفان کے باعث آئرلینڈ میں 10لاکھ مکانات بجلی سے محروم ہیں، ایک ہزار سے زائد پروازیں متاثر اور کئی شہروں کی ٹرین سروس معطل ہوچکی ہے۔
اس کے علاوہ سمندی طوفان کے سبب برطانیہ میں متعدد اسکول بند ہیں اور مقامی انتطامیہ کی جانب سے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی سختی سے تاکید کی گئی ہے کیونکہ ہوائیں زندگی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔