واشنگٹن : امریکی ریاست فلوریڈا میں آنے والے تباہ کن آئی این سمندری طوفان اور سیلاب نے وسیع پیمانے پر تباہیاں مچا دیں، جس کا مشاہدہ فضا سے لیے گئے مناظر سے بخوبی کیا جاسکتا ہے۔
آئی این سمندری طوفان کے باعث متعدد علاقے زیرآب آگئے اور نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا اب تک کی رپورٹ کے مطابق کئی لاکھ سے زائد مکانات اور مارکیٹوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوچکی ہے۔
اس تمام صورتحال میں خود کو سپر پاور کہلوانے والا ملک امریکا اپنی جنوبی ریاست فلوریڈا سے ٹکرانے والے سمندری طوفان کے سامنے بےبس و لاچار دکھائی دے رہا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق امریکا میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر پچاسی ہوگئی ہے، فلوریڈا میں اکیاسی اور نارتھ کیرولائنا میں چار اموات رپورٹ ہوئی جبکہ ملکی معیشت کو کئی ارب ڈالرز کا مالی نقصان بھی ہوا ہے۔
آنے والے تباہ کن طوفان کے نتیجے میں فلوریڈا میں اب بھی سات لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہے، طوفان کے باعث ورجینیا میں بارشوں سے ساحلی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان آئی این بدھ کو فلوریڈا اور جمعے کو ساؤتھ کیرولائنا سے ٹکرایا تھا۔
امریکہ میں آئے دن طوفان کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور نتیجے میں امریکی عوام کو ان طوفانوں کی بنا پر وسیع پیمانے پر جانی و مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔