تحریک آزادی کشمیر کے بانی رہنما سید علی گیلانی طویل علالت کے باعث انتقال کر گئے۔
مقبوضہ کشمیر میں پاکستانیت کا نعرہ بلندکرنے والے اب ہم میں نہیں رہے علالت کے باوجود زندگی کےآخری ایام بھارتی قید میں گزرے۔ انہوں نے بھارتی ظلم وستم کےخلاف سیسہ پلائی دیواربن کرجدوجہدجاری رکھی۔
حریت رہنماعبدالحمیدلون نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حریت رہنماسیدعلی شاہ گیلانی انتقال کرگئےہیں تحریک آزادی کشمیرکے بانی رہنما اب ہم میں نہیں رہے۔
عبدالحمیدلون کے مطابق سیدعلی شاہ گیلانی آج رات 10بجےگھر میں رحلت کر گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی 92 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے وہ علالت کے باوجود عرصہ دراز سے گھر میں نظر بند تھے۔
عزم وہمت کا پیکر سید علی گیلانی 26 کشمیری سیاسی و سماجی جماعتوں کے اتحاد آل پارٹیز حریت کانفرنس کے طویل عرصے سے چیئرمین رہے۔
اس سے قبل وہ جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے رکن رہے اور بعدازاں اپنی جماعت’ تحریک حریت’ کی بنیاد ڈالی۔
گزشتہ سال جون میں سید علی گیلانی نے کل جماعتی حریت کانفرنس سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے مفصل خط میں قید تنہائی اور اسیری کے دوران رابطے نہ رکھنے پر شکوہ کیا۔ خط میں سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اس فورم سے مکمل طور پر علیحدگی کا اعلان کر رہے ہیں۔
سینئرحریت رہنماسیدعلی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازا گیا، صدر مملکت سےسيد علی گیلانی کيلئے ایوارڈ حريت رہنماؤں نے وصول کیا، سيدعلی گیلانی کو پاکستان کا سب سے بڑا اعزازآزادی کيلئےبےمثال جدوجہد پرديا گيا۔
سینیٹ میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی قربانیوں کو سراہنے کی قرادر متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی ، جس میں کہا گیا تھا کہ 90سالہ علی گیلانی کی بلاجوازمسلسل نظربندی پرخدشات کا اظہار کرتے ہیں، وزیراعظم ہاؤس کےقریب بنی یونیورسٹی کو سید علی گیلانی سے موسوم کیا جائے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ سید علی گیلانی کی جدوجہد کوقومی وصوبائی تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے۔