سکھر: سفاک ملزم نے اپنی بیوی پر سیاہ کاری کا الزام لگا کر تشدد کے بعد زندہ دفن کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے خاتون کی لاش برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سکھر کے علاقے صالح پٹ کے قریب شادی شدہ خاتون کو زندہ دفن کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، اس حوالے سے ایس ایس پی عرفان سموں نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم نے اپنی17سالہ بیوی پر سیاہ کاری کا الزام لگا کر تشدد کے بعد زندہ دفن کیا تھا۔
ملزم کریم بخش کو گرفتار کرکے خاتون کی لاش برآمد کرلی گئی ہے، ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ ملزم نے دو روز قبل ایک گھر پر حملہ کرکے ایک شخص کو قتل اور چار کو زخمی کیا تھا۔
پولیس نے حملے کے الزام میں ملزم کو گرفتار کیا تھا، دوران تفتیش ملزم نے بیوی کو زندہ دفن کرنے کابھی انکشاف کیا۔پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر خاتون کی مدفون لاش برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف اپنی بیوی کو زندہ دفن کرکے قتل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔