کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں شوہر بیوی کی وفات کا صدمہ برداشت نہ کرسکا اور دار فانی سے کوچ کرگیا، میاں بیوی کی نماز جنازہ ایک ساتھ ادا کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے نصیر آباد کے علاقے محبت شاخ کی رہائشی خاتون نور بی بی قضائے الہی سے انتقال کرگئی تھیں جس کا صدمہ اُن کے شوہر حاجی مراد بخش مینگل برداشت نہ کرسکے اور وہ بھی انتقال کرگئے۔
بڑے صاحبزادے کے مطابق والد ڈیرہ مراد جمالی کے نواحی گاؤں میں بھائی کے ساتھ رہائش پذیر تھے جنہیں والدہ کے انتقال کی خبر دی تو وہ صدمہ برداشت نہ کرسکے اور دوپہر انتقال کرگئے۔
مرحوم کا جسد خاکی آج صبح اُن کے آبائی علاقے پہنچائی گئی جس کے بعد دونوں میاں بیوی کی نماز جنازہ ایک ساتھ ادا کی گئی، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار اور بچے غم سے نڈھال تھے۔
محبت و پیار کی مثال قائم کرنے والے شوہر اور اُن کی اہلیہ کو ایک دوسرے کے پہلو میں ہی سپرد خاک کیا گیا۔