پنجاب کے شہر احمدپور شرقیہ میں سفاک شوہر نے گھریلو جھگڑے کے دوران دوست کے ساتھ مل کر بیوی کی ناک اور کان کاٹ دیے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم رئیس وحید نے ساتھی کے ہمراہ مل کر بیوی پر تشدد کیا، متاثرہ خاتون کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا جبکہ ملزم کی تلاش کیلیے چھاپے مار رہے ہیں۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ رئیس وحید اور اس کے ساتھی اعجاز وحید نے حملہ کر کے زخمی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ظالم شوہر نے بیوی کی ناک اور کان کاٹ ڈالے
پنجاب میں گھریلو جھگڑوں کے دوران اس طرح کے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں۔
اپریل 2024 میں پھول نگر کے علاقے صابری محلے میں شوہر نے رقم نہ دینے پر بیوی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور اس کے ناک اور کان کاٹ دیے تھے۔
ملزم لطیف نے تیز دھار آلے سے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بیوی نگینہ کے ناک اور کان کاٹے جبکہ کان میں موجود سونے کی بالیاں لے کر فرار ہوگیا تھا۔
زخمی خاتون نے فون پر اپنے بھائی کو اس واقعے کی اطلاع دی تھی وہ موقع پر پہنچ گیا تھا۔ زخمی خاتون کے بھائی نے اپنے بہنوئی کے خلاف خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ بہنوئی نے اس کی بہن سے کمیٹی کے پیسے مانگے تھے نہ دینے پر اس پر شدید تشدد کیا اور ناک، کان کاٹ ڈالے، اطلاع پر جب میں اس کے گھر پہنچا تو وہ شدید زخمی تھی۔
پھول نگر پولیس نے واقعے کی تفتیس شروع کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کیلئےاسپیشل ٹیم تشکیل دے دی ہے۔