بھارتی ریاست بہار کے شہر سمستی پور میں لوگوں نے گاڑی میں بیوی کی لاش رکھ کر گھومنے والے شوہر کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مقتولہ اور ملزم نے 6 ماہ قبل محبت میں شادی کی تھی تاہم لڑکی کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ داماد اکثر جہیز کا مطالبہ کرتا تھا اور اسی وجہ سے بیٹی کو قتل کر دیا۔
اہل خانہ نے بتایا کہ داماد اور اس کے گھر والوں نے ہماری اکلوتی بیٹی کو قتل کیا، وہ اپنے ماموں کے گھر کے قریب لاش کو ٹھکانے لگانے کی کوشش میں تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شوہر بیوی کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد لاش سے باتیں کرتا رہا
انہوں نے بتایا کہ ملزم لاش کو گاڑی میں رکھ کر ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کر رہا تھا اور آخر میں اپنے ماموں کے گھر کے قریب پہنچا تو لوگوں نے اسے پکڑ لیا۔
پولیس حکام کے مطابق لاش کے گلے پر رسی کا گہرا نشان ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسے تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق علاقہ مکینوں نے ملزم کو پکڑ کر ہمیں اطلاع دی، مقتولہ کا شوہر زیرِ حراست ہے جس سے تفتیش کر رہے ہیں جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے بھیج دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مقتولہ کے اہل خانہ کی طرف سے مقدمے کیلیے درخواست موصول ہونے کے بعد جہیز کے مطالبے کے بارے میں جانچ کی جائے گی۔